غلام محمود ڈوگر,جشن آزادی

لاہور پولیس جشن آزادی کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے، غلام محمود ڈوگر

لاہور (لاہورنامہ) قیام پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے اپنے ویڈیو پیغام میں شہریوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس جشن آزادی کی خوشیوں میں اہلیان لاہور کے ساتھ برابر کی شریک ہے.

اور یہ تاریخی دن ملی جذبے اور قومی جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ لاہور پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے اس عزم کو دہراتا ہوں کہ ہمارا ایک ایک سپاہی شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان الگ وطن کے حصول کے لئے قربانیاں پیش کرنے والے ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

لاہور پولیس کے 329 شہیدوں نے ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہوئے فرض کی راہ میں جانیں نچھاور کی ہیں۔سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ لاہور پولیس لا اینڈ آرڈرکے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور خدمت کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ لاہور پولیس جشن آزادی کی تقریبات اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرے گی۔13 اگست کی درمیانی شب اور 14 اگست پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران اوراہلکار تعینات کئےگئے ہیں۔

6 ایس پیز،35 ڈی ایس پیز،84 ایس ایچ اوز، لیڈیز پولیس اہلکار،اینٹی رائٹ فورس کے جوان سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑبازی،روڈ بلاک اور ریسنگ کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جشن آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے دیگر شہریوں خاص کر خواتین کے حقوق اور احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں،ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ سے سختی سے اجتناب کریں اور تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے یوم آزادی کی خوشیاں منائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ،ہلڑبازی روکنے کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل اور مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں۔

ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ،ہلڑبازی میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ افراد کی ڈور ناکنگ اور ان سے شورٹی بانڈز لیے گئے ہیں۔پارکوں پبلک مقامات پر اضافی نفری،اینٹی رائٹ فورس تعینات کی گئی ہے۔ پارکوں اور تفریح گاہوں کے لئے بھی لاہور پولیس نے مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ پارکوں اور تفریح گاہوں پر آنے والی خواتین اور شہریوں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کریں گے۔

شہر کے 12مرکزی پارکوں اور تفریح گاہوں کی سکیورٹی پر 650 سے زائد افسران اور جوان تعینات کئے گئے ہیں۔06 ایس پی،09 ڈی ایس پی،10 ایس ایچ اوز،19اپر سب آرڈینیٹس،250 لیڈی پولیس اہلکار فرائض انجام دے رہی ہیں۔ہلڑ بازی،خواتین سے بدتمیزی،ہراسگی اور غیر اخلاقی حرکات کے مرتکب عناصر کی سرکوبی کے لیے اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی تعینات ہوں گے۔

پارکس اور تفریحی مقامات کے اطراف ڈولفن سکواڈ اور پیرو ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔ہلڑ بازی،ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ کرنے والوں،غنڈہ عناصر کو سیدھا حوالات بھیجیں گے۔گریٹر اقبال پارک، ریس کورس پارک،گلشن اقبال پارک،باغ جناح،چڑیا گھر،شالا مار باغ،ماڈل ٹاؤن پارک نواز شریف پارک،جلو پارک،سوزو واٹر پارک، سفاری زو پارک اورنیشنل پارک سمیت تمام مرکزی تفریحی مقامات کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ڈولفن سکواڈ، پیرو،ایلیٹ فورس ٹیمیں اہم شاہراہوں، پارکوں، پبلک مقامات کے گرد مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری ہیں۔ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے مربوط ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔غلام محمود ڈوگر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دارای کا مظاہرہ کریں.

اپنے بچوں کو ون ویلنگ، ہلڑ بازی میں ملوث نہ ہونے دیں۔حادثات کے پیش نظرکم سن اور نابالغ بچوں کوموٹر سائیکل اورگاڑی ہرگز نہ چلانے دیں۔