رانا مشہود

پاکستان پر ایسا ٹولہ مسلط ہوچکا جس نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کیا، رانا مشہود

لاہور(لاہورنامہ)مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ 2018ء کے بعد پاکستان پر ایک ایسا ٹولہ مسلط ہوچکا ہے جس نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کیا.

اس ٹولے نے پاکستان کو اقوام عالم میں تنہا کیا اور صرف جھوٹ کی بنیاد پر اپنی سیاست چلاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل جب پنجاب اسمبلی میں سپیکر کا انتخاب ہوا تو ہم نے احتجاج کیا کہ اس میں سیکریسی آف بیلٹ کو مد نظر نہیں رکھا گیا،ہمارے احتجاج پر ہونا تو یہ چاہیے تھا پولنگ کو روکا جاتا اور اپنی غلطی کو مانا جاتالیکن جس طرح تمام چیزوں میں ہٹ دھرمی دکھائی جاتی ہے یہاں بھی بدمعاشی اور ہٹ دھرمی دکھائی گئی اور انتخاب کا عمل چلتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے انشا اللہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔ انہوںنے کہا کہ اس معاملے میں ایک کمیٹی بنادی گئی جس میں ہمیں بلایا ہی نہیں گیا اور پنجاب اسمبلی کی پندرہ نشستوں کے لئے پابندی عائد کر دی گئی لیکن ہم نے اس کو بھی چیلنج کیا ہوا ہے۔