اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قطرکے ساتھ تاریخی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط سٹریٹجک تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتا ہوں ،میرے دورہ قطرسے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کے رشتے کی تجدید ہو گی۔
منگل کواپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے بھائی شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر قطر روانہ ہو رہا ہوں،یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کے رشتے کی تجدید کریگا۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنے تاریخی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط سٹریٹجک تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے دوران پاکستان میں قابل تجدید توانائی، خوراک کی حفاظت، صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سیاحت اور مہمان نوازی جیسے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع کو اجاگر کروں گا۔ دورے کے تناظر کو سمجھنا ضروری ہے۔
دنیا کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا سے متاثر معیشت کی بحالی میں سست روی کا سامنا کر رہی ہے۔ جغرافیائی اور سیاسی کشیدگی نے طلب و رسد کو متاثر کیا ہے اور بڑھتی ہوئی توانائی اور خوراک کی قیمتوں نے مسائل میں مزید اضافہ کیا ہے۔ ہمارے مشترکہ چیلنجز تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کا تقاضا کرتے ہیں۔