عمران خان , ٹیلی تھون

عمران خان کی ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے کے عطیات جمع

اسلام آباد (لاہورنامہ)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک کے چاروں صوبوں میں تباہی مچانے والے بدترین سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے درکار امدادی ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے کے وعدے کرنے پر اہلِ وطن بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ گزشتہ شب ہمارے 3 گھنٹوں کے ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے کے عطیات کے اعلانات موصول ہوئے۔انہوں نے کہا کہ نہایت فیاضی اور سخاوت سے عطیات دینے پر میں اہلِ وطن خصوصاً اپنے سمندر پار پاکستانیوں کا مشکور ہوں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے ایک ٹیلی تھون کا انعقاد کیا تھا جس میں سیلاب زدگان کی امداد کی غرض سے فنڈز کا وعدہ کرنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی کال کرنے والوں کو براہ راست رسائی فراہم کی گئی تھی،اس امدادی ٹیلی تھون کے ماڈریٹر پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید تھے۔