محکمہ وائلڈلائف

محکمہ وائلڈلائف نے اڑیال کے غیرقانونی شکاری کو گرفتار کر لیا

لاہور (لاہورنامہ) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار پر عدم برداشت کی پالیسی کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ کاجنگلی حیات کے غیرقانونی شکاریوں کیخلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے جس کے نتیجے میں سالٹ رینج میں اڑیال کے ایک غیر قانونی شکاری کو ذبح شدہ اڑیال سمیت گرفتار کرکے وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔

تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سالٹ رینج سجاد حسین کی خصوصی کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع جہلم عمران احمد نے وائلڈلائف انسپکٹر ثاقب کے ہمراہ واچران زمرد اور حسن پر مشتمل ایک چھاپہ مار ٹیم تحصیل سوہاوہ کے علاقہ فتح پور روانہ کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر اڑیال کے ایک غیرقانونی شکاری کو ذبح شدہ اڑیال سمیت گرفتار کرلیا .

ملزم کی شناخت عمر حیات ولد رب نواز سکنہ فتح پور کے نام سے ہوئی ۔ ملزم کو آج تحصیل سوہاوہ کی مقامی عدالت میں پیش کیاگیا ۔ عدالت نے ملزم کو آئندہ سماعت مورخہ 05ستمبر 2022ء تک جوڈیشل جیل جہلم میں رکھنے کاحکم صادر فرمایا جبکہ ذبح شدہ اڑیال کی فوری نیلامی کا حکم جاری کیا جس پر فوری تعمیل کردی گئی ہے۔