لاہور(لاہورنامہ) صنعتکار رہنماچیئرمین ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور چوہدری محمد عدیل بھٹہ نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اگست میں تجارتی خسارہ17.13فیصد کے ساتھ6ارب 26کروڑ90لاکھ ڈالر رہنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کیلئے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے بیورو آف شماریات کے مطابق دو ماہ میں برآمدات4ارب75کروڑ 90لاکھ ڈالر رہیں جبکہ درآمدات11۔ارب2کروڑ80لاکھ ڈالر رہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارہ بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ برآمدات کے مقابلہ میں درآمدات میں اضافہ ہے اس لیے حکومت پرتعیش اور غیر ضروری مصنوعات کی درآمدات کو کنٹرول کرے اور معاشی استحکام کے لیے وزیراعظم صنعتکاروں کی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں۔
چوہدری عدیل بھٹہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کیلئے برآمدات کا ہدف موجودہ حالات میں غیر حقیقی دکھائی دیتا ہے حکومت کوبرآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ درآمدات پر بھی قابو پانے کی ضرورت ہے ۔ برآمدات کی بحالی اور توسیع کے سلسلہ فوری اقدامات کی ضرورت ہے .
اس ضمن میں پاکستانی مصنوعات کے لیے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش اور بیرون ملک سفارتخانوں کو فعال کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک پاکستانی مصنوعا ت کی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارہ میں کمی اور حکومت کی طرف سے پانچ سالوں میں برآمدات کا ہدف57ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے کیلئے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے تاکہ پاکستانی اشیاء کی بیرون ملک کھپت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔