ٹیلی تھون

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی ٹیلی تھون،دو گھنٹوں میں 10کروڑ جمع

لاہور(لاہورنامہ)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی ٹیلی تھون میں مخیر حضرات نے 2گھنٹوں میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے 10کروڑ روپے جمع کروائے۔

تمام ڈونرز نے اعلان کردہ رقوم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹ میں جمع بھی کروا دی ہیں۔ یہ رقوم پاکستان سمیت برطانیہ، یورپ، امریکہ، کینیڈا ، آسٹریلیا، مڈل ایسٹ میں مقیم پاکستانیوں اور منہاج القرآن کے رفقائے کار، لائف ممبرز اور وابستگان نے جمع کروائی ہیں۔

عطیات دینے والوں نے وعدہ کیا کہ مالی مدد دینے کا عمل متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری جو منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین بھی ہیں انہوں نے سیلاب متاثرین کے لئے مدد کرنے اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پر اعتماد کرنے پرشکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن امدادی سرگرمیوں کا وسیع اور بین الاقوامی تجربہ رکھتی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے جنوبی پنجاب میں خیمہ بستیاں قائم کر دی ہیں جہاں رہائش رکھنے والے متاثرین کو خوراک کی فراہمی سمیت علاج معالجہ کی سہولیات بھی حاصل ہیں۔ خیمہ بستیوں میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے بچوں کی تعلیم و تربیت بلاتعطل جاری رکھنے کے لئے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے عارضی سکول بھی قائم کئے جارہے ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اس وقت منہاج القرآن کی مرکزی قیادت اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار و کارکنان سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت خیبرپختونخوا کے 4اضلاع، سندھ کے 3اضلاع، پنجاب کے 3اضلاع اور بلوچستان کے منتخب علاقوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

جیسے جیسے وسائل مہیا ہوتے جائیں گے امدادی سرگرمیوں کا دائرہ بھی وسیع ہوتا چلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا اور اہم چیلنج متاثرین کے گھروں کی تعمیر نو ہے۔ تعمیر نو کے حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ایک جامع پلان مرتب کر لیا ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 33ملین سے زائد آبادی سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

10لاکھ سے زیادہ گھر مسمار ہو چکے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ اب تک کا ہونے والا نقصان 10ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے۔ اتنے بڑے نقصانات کا پاکستان کی کمزور معیشت بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ اس کے لئے تمام فلاحی اداروں، مخیر حضرات اور ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین امداد کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔

متاثرین کو احساس دلانا ہو گا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ٹیلی تھون منہاج ویب ٹی وی اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے سوشل میڈیا پیج کے ذریعے ہوئی۔