پوری قوم شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، شہباز شریف

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 6 ستمبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بہادر افواج نے اپنے عقیدے اور مصمم ارادے سے آج سے 57 سال قبل رات کے اندھیرے میں پاک سرزمین پر حملہ کرنے والے اپنے سے وسائل اور حجم میں چار گنا بڑیدشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے.

پوری قوم ان شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے،آج ستمبر میں ایک بار پھر قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اسی جذبہ سے یک جان اور دو قالب بنی ہے۔

یادگار شہدا
پاکستان مانومنٹ میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادرچڑھائی

منگل کووزیر اعظم نے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے وفاقی دارالحکومت میں واقع پاکستان مانومنٹ میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادرچڑھانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آج اپنے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کررہی ہے جنہوں نے آج سے 57 سال قبل پاکستان پر رات کے اندھیرے دشمن کے بزدلانہ حملے پر لاالہ الااللہ کا ورد کرتے کرتے ہوئے دشمن کا دیوانہ وار مقابلہ کیا اور اپنے خون سے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ان شہیدوں اور غازیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دشمن کے مکارانہ حملے سے ارض وطن پاکستان کو بچایا،دھرتی کے ایک ایک انچ کی اپنی جان سے زیادہ حفاظت کی،دشمن کے دانت کھٹے کردیئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج پھر سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے پوری قوم یک جان اور دو قالب ہے،نہ کوئی پنجابی،نہ سندھی،نہ پٹھان،نہ بلوچی،نہ بلتی اور نہ کشمیری ہے بلکہ مسلمان اور پاکستانی کی طرح ایک لڑی میں پروئے جاچکے ہیں.

اس بارش اور سیلاب کا دن رات مقابلہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنا بڑا اور تباہ کن سیلاب نہیں دیکھا،ساری قوم،وفاقی وصوبائی حکومتیں،مسلح افواج اور عواممل کر اس کا مقابلہ کررہے ہیں،دکھی انسانیت کا ہاتھ تھام رہے ہیں،پاک فوج کے آفیسروں اورجوانوں نے اس دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن وہ میجر عزیز بھٹی شہید،میجر شبیر شریف شہید،سکوارڈن لیڈر سرفراز رفیق شہید،میجر محمد ضیائ الدین شہید سمیت ہر اس شہید اور غازی کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے وطن کے چپہ چپہ کا دفاع کیا،قربانیوں کی یہ عظیم داستان رہتی دنیا دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد اور نصرت سے پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔