لاہور(لاہورنامہ)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ وسابق ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر تین ماہ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 3.39روپے فی یونٹ اضافہ کرکے صارفین پر 95ارب روپے کااضافی بوجھ ڈالنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا سب سے زیادہ بوجھ انڈسٹریز پر پڑے گا.
انہوں نے کہا کہ حکومت نے فی یونٹ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے اور اس میںدسمبر تک مزید اضافے کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے ایسی صورتحال میں مہنگی بجلی کے بعد فیوںل ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ عوام پر بوجھ ہے .
بجلی مہنگی ہونے سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے ملک میں مہنگائی کی شرح45فیصد کی تاریخی سطح کو عبو ر کررہی ہے بجلی مہنگی ہونے سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے اس لیے فیول ایڈجسٹمنٹ و سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ عدالتوں نے بھی اسے ختم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
خادم حسین نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافوں کے باعث انڈسٹریز کے لیے بلوں کی ادائیگی انتہائی مشکل ہوتی جارہی ہے اور متعدد انڈسٹریز بند ہورہی ہیں اس لیے حکومت فی الفور بجلی کی بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ و دیگر ناجائز ٹیکسوں کو ختم کرے ۔