بلاول بھٹوزر داری

ملک کی پائیدار ترقی کیلئے شرحِ خواندگی میں اضافہ ہے، بلاول بھٹوزر داری

اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ملک کی پائیدار ترقی کیلئے بہترین حکمت عملی شرحِ خواندگی میں اضافہ ہے۔

عالمی یومِ خواندگی پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ملک کی پائیدار ترقی کیلئے بہترین حکمت عملی شرحِ خواندگی میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ شرحِ خواندگی بڑھانے کی مہم کو قومی تحریک میں تبدیل کرنا ناگذیر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد پاکستان نے کئی شعبوں میں کارکردگی نمایاں رہی ہے، لیکن ناخواندہ افراد کی تعداد پریشان کن حد تک زیادہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ غربت، بیروزگاری، عدم برداشت اور بدامنی جیسے مسائل کے پیچھے ناخواندگی بھی ایک سبب ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے ہر دورِ حکومت میں تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیحات میں رکھا گیا۔ انہوںنے کہاکہ قائد عوام شہید بھٹو کے دورِ حکومت میں سب سے زیادہ اسکول اور کالجز کا قیام عمل میں آیا.

شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے تعلیم کی بجٹ میں اضافہ کیا گیا، اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کیے گئے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ صوبہ سندھ کی عوامی حکومت کی جانب سے پرائمری سے اعلیٰ ثانوی تک تعلیم مفت ہے۔انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی پورے ملک میں عوام کو پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شرح خواندگی کو سو فیصد کیے بغیر ہم قوم کے بانی اجداد کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل اور ان کے مشن کو مکمل نہیں کرسکتے۔