لاہور(لاہورنامہ)پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں اگلے چار روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی پر الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان کے مطابق مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں،مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں اتوار کو داخل ہو گاجس کے باعث 14 ستمبر تک لاہور، راولپنڈی،گوجرانوالہ،سرگودھا اور فیصل میں بارش کا امکان ہے۔
مری اٹک ،چکوال ،سیالکوٹ،نارووال، گجرات ،میانوالی،خوشاب،حافظ آباد، منڈی بہائوالدین اور جھنگ میں بارش کا امکان ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے اے کے مطابق13 اور 14 ستمبر کے دوران بھکر،لیہ،ڈی جی خان اور مظفر گڑھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،14 ستمبر تک وقفے وقفے اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھیں،ضروری مشینری/ ڈی واٹرنگ سیٹ اور عملہ نکاسی آب کے لیے ہمہ وقت تیار رہے، کسی بھی مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔