معصوم بچی

چہلم حضرت امام حسین کے مرکزی جلوسوں پر فول پروف سکیورٹی ہو گی، غلام محمود

لاہو ر(لاہورنامہ) چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر لاہور پولیس عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لئے ہائی الرٹ ہے۔

سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے چہلم حضرت امام حسین کے عزاداری جلوسوں،مجالس اور شرکا کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا عزم دہرایا ہے۔ سربراہ لاہور پولیس نے چہلم امام حسین کے سکیورٹی پلان سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر آٹھ ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

11 ایس پیز،25 ڈی ایس پیز،84 انسپکٹرز اور 400سے زائد اپر سب آرڈینیٹس،186 لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ لاہور پولیس کو شیعہ کمیونٹی رضا کاروں،ایلیٹ و اینٹی رائٹ فورس، سادہ لباس پولیس جوانوں کی معاونت بھی حاصل ہو گی.

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ 19 اور 20 صفرالمظفر کوبمجموعی طور پر 35 عزاداری جلوس اور 69 مجالس منعقد ہونگی جبکہ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر 03 مرکزی عزاداری جلوس برآمد اور 40 مجالس منعقد ہوں گی۔سربراہ لاہور پولیس نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ کے دفاعی 144 کے تحت جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری،ہوائی فائرنگ،اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہو گی جبکہ مخصوص مقامات پر موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی عزاداری جلوسوں کی سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائیگی۔روٹ میں آنے والی سڑکوں، گلیوں کو خاردار تاریں، بیرئرزلگا کر مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے شیعہ کمیونٹی سمیت تمام مسالک اور مکاتب فکر کے لوگوں سے چہلم امام حسین پر تحمل ، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اپیل کی ہے۔

سی سی پی او لاہور نے سکیورٹی انتظامات اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال اور متفقہ لائحہ عمل اپنانے کے لئے ضلعی امن کمیٹی، شیعہ و سنی کمیونٹی لیڈرز، بانیان امام بارگاہ، لائسنس ہولڈرز سے مسلسل اجلاس منعقد کئے۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ علما کرام و مشائخ عظام، کمیونٹی لیڈرز، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں کی معاونت سے چہلم امام حسین پر امن بنائیں گے۔

سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ پولیس افسران منتظمین عزاداری جلوسوں، کمیونٹی لیڈرز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہشرکا جلوس کوتین درجاتی حفاظتی حصارپر مبنی جسمانی تلاشی کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے۔چیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس،میٹل ڈیٹیکٹرز اور الیکٹرک بیر ئیرز کی مدد لی جائے۔عزادار خواتین کے چیکنگ کے لئے لیڈیز پولیس اہلکار اوررضا کار بھی تعینات ہوں گے۔

ڈولفن سکواڈ اورپی آر یو ٹیمیں بھی موثرپٹرولنگ یقینی بنائیں۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ شہری عزاداری جلوس میں شامل ہونے کیلئے مقرر کردہ پوائنٹس پر گاڑیاں پارک کریں،لاوارث سامان،موٹر سائیکلز،مشکوک افراد کی اطلاع فوراً 15 یا مقامی پولیس کو دیں۔مرکزی عزاداری جلوس حویلی الف شاہ سے شروع ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہواکربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔