لاہور(لاہورنامہ) ترجمان وزیر اعلی پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن پاکستان کا سب سے بڑا منافق سیاستدان ہے، مذہب کے نام پر منافقت میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سربراہ جے یو آئی ف اسلام اور شریعت کو اپنی پیٹ پوجا، ذات اور خاندان کے لئے استعمال کرنے میں بڑے ماہر ہیں، پچھلے پچہتر سال سے اسلام اور دین کو بیچ کر کرپشن کے ریکارڈ توڑے۔ فیاض چوہان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پاکستان کے دینی حلقوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا ہیں.
پاکستانی عوام کو مہنگائی سے ذلیل و رسوا کرنے میں ان کا بڑا ہاتھ ہے، چلتی حکومت کو گرانے کے لئے آلہ کار بنے۔ ترجمان وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کیا، چیئرمین پی ٹی آئی اور عوام مل کر جلد عالم سو اور کرپٹ ٹولے کا احتساب کریں گے۔