لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مریم صفدر کا عدالتی مفرور شخص کے بارے میں یہ دعویٰ کہ وہ پاکستان کا سیاسی نقشہ ترتیب دے رہا ہے انتہائی مضحکہ خیز ہے .
شریف خاندان نیب قانون میں ترامیم کے بعد احتساب کے نظام کو کسی خاطر میں نہیں لارہا ، کرپش اور لوٹ مار میں والد کی پیروی کے بعد حمزہ شہباز نے عدالتوں میں پیش نہ ہونے کیلئے کمر درد کی بیماری میں بھی اپنے والد کی پیروی کر رہے ہیں۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے کی یہ خواہش ہے کہ ادارے اور نظام آئین و قانون کے مطابق چلنے کی بجائے ان کی تابعداری کریں ۔ جب سے پی ڈی ایم وفاق میں اقتدار پر قابض ہوئی ہے تب سے شریف خاندان آئین و قانون کو کسی خاطر میں نہیں لا رہا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کا راستہ ہی بھول گئے ہیں ،نئی آس اور امید میں ابھی تک پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا اعلان نہیں کیا گیا ، سوال یہ ہے کہ کیاحمزہ شہباز کے سوا ساری (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں ایسا کوئی نہیں جو عوام کے حقوق کی آواز بلند کر سکے ۔