بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری سے امریکی خصوصی ایلچی کی ملاقات

اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان کو امریکہ کو تنبیہ کی ہے کہ افغانستان کی موجودہ ابتر اقتصادی صورتحال میں دہشت گردوں کو زرخیز زمین میسر سکتی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ ایک پرامن، مستحکم، خوشحال افغانستان پاکستان کی ترجیح ہے۔

عاصم افتخار کے مطابق وزیر خارجہ نے افغانستان اور باہر دیرپا امن واستحکام کے لیے عبوری افغان حکومت کے ساتھ بین الاقوامی رابطے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ۔وزیر خارجہ نے توسیعی ٹرائیکا میکانزم سمیت افغانستان میں پیشرفت پر علاقائی اتفاق رائے پیدا کرنے میں پاکستان کی سہولت کار کوششوں کو اجاگر کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ روابط کی حمایت کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی انسانی امداد کے لیے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے افغانستان میں انسانی ہمدردی کے امکانات کا حوالہ دیا جن کے بارے میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے موسم سرما میں مزید خراب ہو جائیں گے۔

عاصم افتخار احمد کے مطابق وزیر خارجہ نے زور دیا کہ اس طرح کے منظر نامے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر پناہ گزینوں کی نقل مکانی ہو سکتی ہے۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں دہشت گردوں،شدت پسندوں کے استحصال کے لیے زرخیز زمین مہیا ہو سکتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے لیے امریکی خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے افغانستان میں امن و استحکام اور انخلاء میں سہولت کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقوں نے افغان عوام کے مشکلات کے خاتمے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی برادری کی مسلسل کوششوں اور شمولیت کے مشترکہ مقاصد کیلئے مسلسل تعاون کی ضرورت کو تسلیم کیا۔