بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری سے ہنگری کے وزیر خارجہ کی ملاقات

نیویارک (لاہورنامہ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہنگری کے وزیر خارجہ اور تجارت پیٹرز ز یجارتو سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پرگفتگو کی گئی ۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ ملاقات نیویارک میں ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا جس میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی، ثقافت، دفاع اور عوام سے عوام کے رابطوں سے متعلق امور شامل ہیں۔

دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات میں حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے تجویز پیش کی کہ ہنگری پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھا کر پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ خاص طور پر خصوصی اقتصادی زونز میں مشترکہ منصوبے شروع کر سکتا ہے۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور کا بھی جائزہ لیا۔