علی ظفر

ہم دوسروں کی تکلیف میں اپنا سکون تلاش کرتے ہیں، علی ظفر

کراچی (لاہورنامہ) معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بحیثیت قوم ہماری ذہنی حالت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم دوسروں کی تکلیف میں اپنا سکون تلاش کرتے ہیں۔

اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں علی ظفر نے لکھا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ہمارے بارے میں رائے قائم کرے لیکن ہم خود دوسروں کے بارے میں رائے قائم کرتے ہیں۔ گلوکار نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات سے نفرت ہے کہ کوئی ہمارے نجی معاملات میں ٹانگ اڑائے لیکن ہم خود دوسروں کے معاملات میں ٹانگ اڑائے بغیر نہیں رہ سکتے۔

علی ظفر نے مزید لکھا کہ ہم دوسروں کی تکلیف میں اپنا سکون تلاش کرتے ہیں، ہم ہر وقت لوگوں کی بلاوجہ توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اپنی باتوں کی دوسروں سے توثیق چاہتے ہیں۔ ہم چیخنا، چلانا اور دوسروں پر بہتان طرازی پسند کرتے ہیں کیا ہم ذہنی طور پر بیمار ہیں۔گلوکار نے ملک میں لوگوں کے اس رویے پر اہم سوال یہ کیا ہے کہ کیا ہم ذہنی بیمار ہیں؟