بیلجیئم کے سفیر کی

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے بیلجیئم کے سفیر کی ملاقات

لاہور(لاہورنامہ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں بیلجیئم کے سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب متاثرین کی امداد اور دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کے لیے بروقت خیموں کی فراہمی پر بیلجیئم کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔بیلجیئم نے اقوام متحدہ کے ذریعے بھی سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھیجی ہے جس کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ تجارت و کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ملک کی معیشت کی مضبوطی کے لیے بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلجیئم کی پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سکیم میں مستقل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی وجہ سے پاکستان اور بیلجئم کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے لئے تجارتی وفود کا تبادلہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یورپین یونین کا اہم تجارتی شراکت دار ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا اہم حصہ ہیں اور قیام پاکستان سے اب تک ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوررنر ہاس میں اقلیتوں کا نیشنل ڈے منانے سمیت مختلف تقریبات کے حوالے سے اقلیتوں سے مسلسل رابطہ رہتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا مبوا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ویمن ایمپاورمنٹ پر کنسورشیم بنایا گیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیلجیئم کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔