لاہور (لاہورنامہ)سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ نے جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران نایاب فالکن ، سیا ہ تیتر اور جنگلی بٹیر کے 19غیرقانونی شکاریوں کے چالانات کئے متعدد کو 59ہزار روپے جرمانہ۔
تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سالٹ رینج سجاد حسین کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف جہلم سید عثمان الحسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی بٹیر کا ناجائز شکار کرنیوالے ایک شکاری کو گرفتار کرکے مبلغ 20ہزار روپے جرمانہ کیا ۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر میانوالی عامر خان نے فالکن کے ایک شکاری کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف خوشاب رانا محمد اشفاق نے جنگلی بٹیر کے 06نیٹنگ گیئرز تحویل میں لے کر وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پرکارروائی شروع کردی ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھکر محمد نعیم طاہر نے جنگلی بٹیر کے ناجائز شکار میں ملوث 04شکاریوں کے چالان کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔
اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف فیصل آباد ریجن عرفان فاروقی کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر جھنگ طارق شہاب نے کالے تیتر کے ایک ناجائز قابض کو مبلغ 12ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیرہ غازی خان ریجن محمد حسین گشکوری کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف ڈی جی خان نے فالکن کے ایک شکاری کو گرفتار کرکے اسے مبلغ 15ہزار روپے جرمانہ کیا اور وائلڈلائف سٹاف لیہ نے بٹیر کے 05شکاریو ں کو گرفتار کرکے ایک کو 12ہزار جرمانہ جبکہ بقیہ کے خلاف کارروائی جاری ہے مزید براں ڈی جی خان ریجن نے ماہ ستمبر میں 154غیرقانونی شکاریوں کے چالان کئے اور انہیں مبلغ ساڑھے سترہ لاکھ جرمانہ کیاگیا ۔