لاہور (لاہورنامہ) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ کا صوبہ بھر میں غیرقانونی شکاریوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے.
جس کے نتیجے میں لاہور ائیرپورٹ پر نایاب فالکن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے سمیت جنگلی حیات کے غیرقانونی شکاریوں کے 23چالانات متعدد کو بھاری جرمانہ کیا گیا.
تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع لاہور بابر عمران نے ایک خفیہ اطلاع ملنے پر لاہور ائیر پورٹ پر وائلڈلائف انسپکٹر محمد عثمان کی سربراہی میں ایک ٹیم روانہ کی جنہوں نے کسٹم کے تعاون سے فوری چھاپہ مار کر لاہور ائیرپورٹ سے ایک نایاب فالکن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر فالکن قبضے میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ڈیرہ غازی خان ریجن محمد حسین گشکوری کی سربراہی میں ریجنل اسکواڈ ڈی جی خان نے کوئٹہ روڈ پر ناکہ بندی کے دوران بٹیر کے 2شکاریوں کو مال مقدمہ سمیت گرفتار کرکے کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر مبلغ 27ہزارروپے جرمانہ کیا اسی طرح ضلع مظفر گڑھ ایم ایم روڈ پر ایک نجی ریستوران میں چھاپہ کے دوران ایک شخص سے مور کے چار بچے ، 07 بھورے تیتر اور پانچ بچے قبضہ میں لیکر ملزم کو مبلغ بارہ ہزار روپے جرمانہ کیااور پرندے ڈی جی خان چڑیاگھر کے حوالے کردئیے.
جبکہ تونسہ بیراج کے مضافات سے فالکن کے شکار میں مشغول شکاریوں کا سامان قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر و ائلڈلائف بہاولپور ریجن سید علی عثمان کی سربراہی میں فالکن کے 03اور ناجائز جنگلی بٹیر کے شکار کیلئے لگائے گئے 17ہنٹنگ گیئرز برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے نیز گزشتہ 08چالانوں پرمبلغ 70ہزار 500روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کیاگیا۔