مسرت چیمہ

کرپشن کیسز میں بریت کی بہار ہے، مسرت چیمہ

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن کیسز میں بریت کی بہار سے ”این آر او ٹو”کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے.

احتساب کے ادارے اگر ایسے ہی مافیاز کی تابعداری کریں گے تو ملک کا مستقبل تاریک ہی رہے گا،72سالہ اعظم سواتی کی گرفتاری اور ان پر بد ترین تشدد قابل مذمت ہے.

ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اسٹیٹس کو کی حامل قوتیں جس طرح کے مرضی اوچھے ہتھکنڈے آزما لیں ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے نے شریفوں کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے ، عمران خان اسی کرپٹ اور بوسیدہ نظام کے خلاف لازوال اورتاریخی جدوجہد کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی پراسیکیوشن میں قانون کی طرفداری کی بجائے شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری نظر آئی،بریت کے فیصلوں پر لٹیروں اور ڈاکوئوں کی خوشیاں عارضی ثابت ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ تحریک انصاف انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کر کے احتساب کے کڑے نظام کی بنیاد رکھے گی،کرپشن کے ذریعے قوم کے لوٹے گئے اربوں روپے قومی خزانے میں واپس آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولہ اور ان کے سہولت کار جتنے مرضی مقدمے درج کر کے گرفتار یاں کرلیں عمران خان کے ساتھی ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے بلکہ اس طرح کے ہتھکنڈے ہمارے حوصلوں کی تقویت کا باعث ہیں۔