پنجاب یونیورسٹی

لاہور ہائیکورٹ کا دو ہفتوں میں پنجاب یونیورسٹی کا مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم

لاہور (لاہورنامہ) لاہور ہائیکورٹ نے دو ہفتوں میں پنجاب یونیورسٹی کا مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔

ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا عہدہ خالی ہونے اور مستقل تعیناتی نہ ہونے کے خلاف امجد عباس مگسی کی درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 14جون سے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا عہدہ خالی ہے، سابق وائس چانسلر کو نوازنے کے لئے سینئر پروفیسرز کو نظر انداز کرکے ڈاکٹر نیازاحمد کو ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ وائس چانسلر کا عارضی عہدے دے دیا گیا ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ عدالت مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم دے۔

دوران سماعت عدالت نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کا جواب مسترد کردیا۔عدالت نے پنجاب یونیورسٹی کے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی میں تاخیر پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پر اظہار ناراضگی کیا اور ریماکس دیئے کہ پنجاب یونیورسٹی اتنا بڑا تعلیمی ادارہ ہے، جسے وائس چانسلر کے بغیر چلایا جارہا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی کو اندازہ ہے کہ مستقل وائس چانسلر نہ ہونے سے یونیورسٹی کا کتنا نقصان ہورہا ہے، یونیورسٹی کے انتظامی معاملات درہم برہم ہوچکے ہیں، اب مزید مہلت نہیں دی جاسکتی۔جس کے بعد معزز عدالت نے دو ہفتوں میں پنجاب یونیورسٹی کا مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔