لاہور (لاہورنامہ) پاسپورٹ بنوانے والے افراد کو گھنٹوں بنکوں میں قطاروں میں لگ کر فیس جمع کروانے سے نجات مل جائے گی.
پاسپورٹ حکام نے پہلے مرحلے میں لاہور کے رہائشیوں کیلئے آن لائن پاسپورٹ فیس جمع کروانے کیلئے ایپ ’’پاسپورٹ فیس آسان ‘‘متعارف کروادی۔
اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق درخواست گزار اپنے اے ٹی ایم کارڈ ،ایزی پیسہ اور انٹرنیٹ بنکنگ بنک کارڈ کے ذریعے اسی ایپ میں فیس کی رقم جمع کروا سکے گا ،شہریوں کو فیس کے علاوہ بنک چارجز اب سے نہیں دینا پڑیں گے ۔
اس سے پاسپورٹ بنوانے والوں کو ایجنٹ مافیا سے بھی نجات مل گئی ہے ۔ پاسپورٹ بنوانے والے اپنے موبائل فون سے ایپ ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں۔ایپ میں مختلف کیٹگری ہوں گی جن میں نیا پاسپورٹ پرانا پاسپورٹ کی تجدید شامل ہے۔ کیٹگری میں پاسپورٹ پانچ سال کیلئے بنوانا ہے یا پھر دس سال کیلئے بنوانا ہے اس کے مطابق کلک کرنا ہوگا۔
درخواستگزار اپنا اور اپنی فیملی کا قومی شناختی کارڈ اور بچوں کے ب فارم نمبر ایپ میں درج کروائیگا ۔جس کے بعد 17حصوں پر مشتمل کوڈ موبائل پر وصول ہونے پر پاسپورٹ دفاتر جا کر اپلائی کرسکیں گے۔پاسپورٹ حکام نے پہلے مرحلہ میں لاہور میں یہ سروس متعارف کرواتے ہوئے عملدرآمد شروع کردیا ہے ۔
پاسپورٹ حکام کے مطابق مرحلہ وار ملک کے دیگر شہروں میں بھی آن لائن پاسپورٹ فیس جمع کروانے کی سہولت جلد شروع ہو گی۔