بحران کی شدت میں اضافہ

بلاامتیاز پابندیاں عائد کرنے سے محض بحران کی شدت میں اضافہ ہوگا، گنگ شوانگ

بیجنگ (لاہورنامہ)اقوام متحدہ میں چین کے نائب مندوب گنگ شوانگ نے کہا ہے کہ روس-یوکرین صورتحال کے اثرات پر قابو پانا چاہیئے ،متعلقہ فریقوں کو عام شہریوں اور عوامی تنصیبات کی بھرپور حفاظت کرنی چاہیئے۔

گنگ شوانگ نے سلامتی کونسل میں یوکرین میں انسانیت کے مسائل پر بحث کےد وران کہا کہ عالمگریت کے دور میں جامع اوربلاامتیاز پابندیاں عائد کرنے سے محض بحراں کی شدت میں اضافہ ہوگا، بین الاقوامی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا،عالمی صنعتی و سپلائی چین کا استحکام متاثر ہوگا اور
مختلف ممالک ،خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو عالمی خوراک، توانائی اور مالیاتی منڈیوں کے مستحکم آپریشن کو برقرار رکھنے اور بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی تعاون کی راہ میں حائل سیاسی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے متحد ہو کر تعاون کرنا چاہیے۔ عالمی منڈی میں اناج کی عالمی قیمتوں کو مستحکم کرنے اور زرعی مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے یوکرین اور روس کی اناج اور کھاد کی بین الاقوامی منڈی میں واپسی بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن ہی یوکرین کے انسانی بحران کا بنیادی حل ہے اور یوکرین اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کا واحد راستہ ہے۔ چین امن مذاکرات کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا اور انسانی بحرانوں کے خاتمے کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔