لاہور (لاہورنامہ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ/امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے مریضوں کو انتظار کی زحمت سے بچانے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ امراض چشم و امراض نسواں میں کنسلٹنٹ سے طبی معائنے کا وقت لینے کیلئے اپوا ئنٹمنٹ ہیلپ لائن کا اجراء کر دیاہے۔
اس سلسلے میں پی ٹی سی ایل کے لینڈ لائن کے دو نمبرز 042-99268877 اور 042-99268816 مختص کرنے کے علاوہ SKYPEآئی ڈی Appointment LGHبھی متعارف کرا دی گئی ہے اور ایسے مریض جو آؤٹ ڈور میں رش کے باعث طویل انتظار نہیں کر سکتے وہ مذکورہ نمبرزپر رابطہ کر کے پہلے سے ہی وقت لے سکتے ہیں۔
اس امر کا اعلان پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے "صحت سب کیلئے”کے تحت پریس کانفرنس میں کیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر خالد بن اسلم،ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر جعفر حسین، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر نادیہ ارشد اور ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صحافیوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے مریض دوست اقدام قرار دیا۔
سربراہ لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ اپوائنٹمنٹ ہیلپ لائن کے ذریعے وقت حاصل کرنے والے مریضوں سے کسی قسم کی فیس نہیں لی جائے گی اور انہیں تمام سہولتیں مفت دستیاب ہونگی جبکہ ان مریضوں کو پیشگی طبی معائنہ کیلئے وقت لینے والے افراد کو آؤٹ ڈور کمرہ نمبر 200 میں آنا ہوگا۔
ڈی ایم ایس ڈاکٹر اسماء اکرم کو مریضوں کی رہنمائی و متعلقہ شعبوں تک رسائی کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ مسٹر شاہد شکور ان کی معاونت کرینگے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ ہیلپ لائن سے ضعیف العمر مریض (مرد و خواتین) کو خصوصی فائدہ پہنچے گا جو کمزور جسمانی صحت کی وجہ سے آؤٹ ڈور میں زیادہ دیر تک انتظار نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر محمد معین کو امراض چشم اور ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کو گائناکالوجی میں الگ الگ کوآرڈینٹر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور یہ سہولت شعبہ بیرونی مریضاں کے معمول کے اوقات میں بھی دستیاب ہوگی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم کے متعارف کرانے کا مقصد ایل جی ایچ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا اور عوام کیلئے مریض دوست ماحول کو فروغ دینا ہے،ایسے مریض جو آؤٹ ڈور کے رش سے گھبرا کر اپنا طبی معائنہ موخر کرتے ہیں اور اُن کی بیماریاں پیچیدگی اختیار کر لیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ سسٹم سے ایسے مریضوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ پہلے سے طے شدہ اوقات میں چیک اپ کروا سکیں گے، جس سے نہ صرف ان کو بہتر طبی سہولیات مختصر وقت میں میسر آ سکیں گی اور صحت عامہ کو فروغ ملے گا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ پبلک سیکٹر میں لاہور جنرل ہسپتال جدید رجحانات متعارف کرانے والا پہلا ہسپتال بن گیا ہے جس سے یقینا مریضوں کو علاج میں آسانیاں ہونگی اور دیگر طبی اداروں کیلئے بھی نئے سسٹم متعارف کرانے کی راہیں ہموار ہونگی۔