سینیٹر اعظم سواتی

کبھی کرپشن نہیں کی نہ ہی کوئی دبائو میں نہیں لا سکتا ہے،سینیٹر اعظم سواتی

لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ مجھے کوئی دبائو میں نہیں لا سکتا کیونکہ کبھی کرپشن نہیں کی مگر ظلم کی بجلی گرتی رہی تو کوئی ملک کو نہیں بچا سکے گی.

میری اور بیوی کی ویڈیو بیٹی کو بھیجی گئی جو افسوسناک عمل ہے میری بیوی، بیٹی ، پوتیوں کو قائد اعظم کے پاکستان میں مجبور کیا گیا کہ وہ ملک چھوڑ کر چلے جائیں، ملک کا سب سے بڑا دفاع فوج ہے ایسے لوگوں کو سامنے لایا جائے جو نفرتیں پیدا کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں 90شاہراہ قائد اعظم مال روڈ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اعظم سواتی نے کہا کہ ہمارا ملک بہت دور جا چکا ہے ،مجھے شرم آتی ہے مائوں بہنوں بیٹوں سے جو عزت سے میری بات سنتی ہوں گی،رات کو میری بیوی نے لاہور میں مجھے کال کی تو اس کی ہچکیاں اور چیخ و پکار سنی.

مجھے تین سٹنٹ ڈلےہوئے ہیں ،میری بیٹی جو امریکہ سے مجھ پر تشدد کی وجہ سے آئی ہے،میری بیٹی کو ایک بغیر نمبر کے ویڈیو بھیجی ہے جس پر میری بیٹی روتی رہی، میری اور میری بیوی کی ویڈیو میری بیٹی کو بھیجی گئی ہے جس پر افسردہ ہوں۔ اس موقع پر اعظم سواتی آبدیدہ ہوگئے اور رونے لگے ۔

انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی آپ بلوچ ہو میری عزت کروائو،میری بیوی، بیٹی ، پوتیوں کو قائد اعظم کے پاکستان میں مجبور کیا گیا وہ ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔میری بیوی ، بہو تین پوتیاں ملک سے جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے ملک کے لوگوں میں نے کبھی حرام نہیں کھایا ،ملین ڈالر سے غریبوں مسکینوں یتیموں کا آسرا کیا،سب کچھ ملک کو دیا میرا کیا قصور ہے ۔

آج اپنے آپ سے سوال کررہا ہوں یہ وہ ملک پاکستان ہے جس میں خاوند و بیوی کا تقدس پامال ہوتاہے۔مجھے کوئی دبائو میں نہیں لا سکتا کیونکہ کبھی کرپشن نہیں کی ۔اگر غیر غلط کام نہیں کیا تو بیوی کے ساتھ ویڈیو نکال لی ،میرا قصور یہ ہے کہ سولہ ارب روپے کی کرپشن پر سوال کیا ۔اس ملک میں رہ کر ظلم کا مقابلہ کروں گا۔

اعظم سواتی نے کہا کہ میرا سپاہی و محافظ ہر روز سرحدوں پر شہید ہوتا ہے ہم اس کیلئے دعا کرتے ہیں،ملک کا سب سے بڑا دفاع فوج ہے لیکن کون لوگ ہیں جو نفرت پیدا کررہے ہیں ۔ سنجرانی اور سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ کب انصاف ملے گا۔قوم کی مائوں بیٹیوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ظلم کی آواز کو کوئی بند نہیں کر سکتا ۔

عزم ہے کہ حقیقی آزادی کا جذبہ بڑھتا ہی جائے گا ۔اگر ظلم کی آواز دبائی گئی تو پھر اعظم سواتی جیسا شخص بیوی اور بیٹیاں ایڑیاں رگڑ رگڑ کر دم توڑ دیں گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پوتیوں کو جس کرب سے باہر بھیجا ہے اس پر کہوں گا کہ ظلم کی بجلی ان پر گرے گی ،لوگوں اٹھو اگر ایسا ہی رہا تو کوئی ملک کو نہیں بچا سکے گی۔