لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے سود کے خلاف درخواستیں واپس لینے کا اعلان خوش آئند ہے.
الحمد اللہ آج جماعت اسلامی کی پارلیمان سے عدالت تک مسلسل جدوجہد رنگ لے آئی ہے جس پر پور ی قوم کو مبارک باد دیتے ہیں ،سودی معیشت ایک ناسور ہے جس نے تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا ،حکومت فوری طور پر ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنے کے لئے اقدامات کرے ،سود سے نجات اسلامی خوشحال پاکستان کی طرف بڑی پیش رفت ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے سودی معاشی نظام کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی کو قبول کرنے میں تحریک انصاف اور اتحادی حکومت دونوں برابر کی مجرم ہیں،دونوں نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔ ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے اور سیاسی رہنمائوں کی ساری توجہ اقتدار حاصل کرنے پر مرکوز ہوچکی ہے۔
ان بدترین حالات کی مکمل ذمہ داری سیاسی قائدین پر ہوتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حالات کے تناظر میں معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے۔ بے یقینی اور سیاسی عدم استحکام کی فضا کو ختم کرنا ہوگا۔ مفاہمت کے لیے نرم مداخلت اور غیر روایتی سرگرمیوں کی حمایت کی جائے ۔ ملک میں جارحانہ سیاست کی گنجائش نہیں۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک کو آئین کے مطابق چلانا ہوگا۔ پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا۔ قوم کو اداروں کے سامنے کھڑا کرنے کے نتائج خطرناک ہوں گے۔