لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان سے انکے دونوں بیٹوں نے ملاقات کر کے خیریت دریافت کی ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کے دونوں صاحبزادے قاسم اور سلمان اپنے والد کی خیریت دریافت کرنے پاکستان پہنچے ہیں۔لاہور ایئرپورٹ سے انہیں بلٹ پروف گاڑی اور سکواڈ کی سکیورٹی میں زمان پارک لاہور پہنچایا گیا۔
قاسم اور سلمان نے اپنے والد عمران خان سے ملاقات کی۔ دونوں صاحبزادے اپنے والد کے گلے لگ کر ملے اور ان کی خیریت دریافت کی۔قاسم اور سلمان نے کہا کہ آپ پر حملے کی خبر نے پریشان کر دیا تھا۔ عمران خان بڑے حوصلے اور مسکراہٹ کے ساتھ بیٹوں سے ملے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے حملے میں بچایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے میں چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان نے قاتلانہ حملے کے بعد برطانیہ میں اپنے بچوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔عمران خان کے بیٹوں نے انکی خیریت دریافت کی تھی، عمران خان نے اپنے بچوں کو حوصلہ دیا تھا۔
اس سے قبل عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا تھا کہ خوفزدہ کر دینے والی خبر آئی تاہم خدا کا شکر کہ عمران خان ٹھیک ہیں۔جمائما نے عمران خان کے بیٹوں کی طرف سے حملہ آور کو پکڑنے والے بہادر شخص ابتسام کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔