سخت کریک ڈائون

چڑوں ، بیٹروں کے شکار کرنیوالوں کیخلاف سخت کریک ڈائون

لاہور (لاہورنامہ) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہد زمان کی صوبہ میں معصوم جنگلی حیات کا ناجائز شکار اورکاروبار کرنیوالوں کیخلاف عدم برداشت کی پالیسی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ بھرپور انداز سے سرگرم عمل ہے.

اور اس ضمن میں پنجاب بھر میں جنگلی چڑوں ، بٹیروں و دیگر جنگلی حیات کے گوشت سے مزین پکوان تیار کرنیوالوں اور ان معصوم پرندوں کی پکڑ دھکڑ کرنیوالوں کیخلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے اور لاہور شہر و صوبہ کے دیگر مقامات پراچانک چھاپوں کاسلسلہ جاری وساری ہے ۔

جس کے نتیجے میں اس جرم کے مرتکب درجنوں افراد گرفتار کرکے ان کیخلاف قانونی کارروائی جاری ہے ۔ تفصیل کے مطابق خصوصی وائلڈلائف اسکواڈ پنجاب نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف عاصم کامران کی سربراہی میں لاہور شہر کے ایک گودام سے گوجرانوالہ سے ترسیل شدہ ہزاروں زندہ جنگلی پرندگان برآمد کرکے جرم کے مرتکب تین افراد کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور قبضہ میں لئے گئے ممولے جلو پارک میں قدرتی ماحول میں آزاد کردئیے .

جبکہ مال روڈ پر پنجروں میں بند لالیاں فروخت کرنیوالے تین افراد گرفتار کرکے مزید کارروائی کیلئے حوالہ پولیس کئے ۔اسی طرح ڈسکہ کے علاقہ میں سیہڑوں کے گوشت سے تیار پکوان بنانے والے ایک ہوٹل مالک سمیت تین افراد کاچالان کیا جبکہ گوجرانوالہ شہر میں جنگلی پرندوں کو غیرقانونی فروخت اور شکار کرنے والے چار افراد کو وائلڈلائف گوجرانوالہ نے بذریعہ عدالت 40ہزار روپے جرمانہ کروایا ۔

ا یسی ہی ایک دیگر کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف جہلم عمران احمد نے خرگوش کے دو شکاری گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔