لاہور (لاہورنامہ)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں اقوام متحدہ کی جانب سے 18 نومبر کو بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد سے بچاؤ کا عالمی دن قرار دینے پر گلوبل کولیبو ریٹو آرگنائزیشن اٹلی کی جانب سے منعقدہ پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔
پینل ڈسکشن میں سیرالیون کی خاتون اول فاطمہ مادہ، پنسلوینیا یونیورسٹی کے پروفیسر مارکی ہیملٹن، ایپکاٹ انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر تھامس ملر، ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن یونیسف کارنیلئیس ولیمز، منسٹری آف ٹولرینس یو اے ای افرا محمد الصابری بھی شامل تھے۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے پینل ڈسکشن میں بتایا کہ عوامی خدمت کے اس کام میں تمام حکومتی اداروں کی سپورٹ رہی ہے جس پر میں ان کی شکر گزار ہوں۔انھوں نے کہا کہ بچوں کے استحصال میں ملوث ملزمان کو سخت سزائیں دلوانے کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ پینل ڈسکشن میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے شرکاء کو بچوں کے استحصال کی روک تھام اور تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے آگاہ کیا۔