جونیئر ڈپلومیٹک کورس

گورنر پنجاب سے مختلف ممالک سے آئے جونیئر ڈپلومیٹک کورس کے شرکا ء کی ملاقات

لاہور (لاہورنامہ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے جونیئر ڈپلومیٹک کورس کے شرکا نے ملاقات کی۔

وفد میں 12مختلف ممالک سے آئے ہوئے 18زیر تربیت جونیئر سفارتکار شامل تھے ۔جونیئر ڈپلومیٹک کورس کے شرکا کا تعلق افریقہ، سینٹرل ایشیا، سینٹرل امریکا ، یورپ، اور ویسٹ افریقہ کے ممالک سے تھا۔وفد کی قیادت ڈائریکٹر پروگرام فارن سروس اکیڈمی عرفان شوکت کر رہے تھے۔

گورنر پنجاب نے وفد کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو حال ہی میں بارشوں کے باعث سیلاب سے وسیع پیمانے پر تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں کردار 01فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان حال ہی میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے بعد اب انہیں از سر نو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بڑا چیلنج انہیں نفسیاتی اثرات سے باہر نکالنا ہے۔سیلاب زدہ علاقوں کے بچے بالخصوص سیلاب کے بعد ٹراما سے گزر رہے ہیں۔پاکستان کو اس وقت سیلاب متاثرین کی بحالی سمیت چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔کورس میں شرکت کرنے والے شرکا ممالک کے ساتھ وفود کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں سمیت دیگر مذاہب کے مقدس مقامات اور بدھ مت کی یادگاریں موجود ہیں اور ان کا تحفظ اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ گورنر پنجاب نے وفد کے شرکا کو گورنر ہائوس کی تاریخ سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے شرکا کے پاکستان کے سیاسی اور انتظامی امور سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔