اسلام آباد (لاہورنامہ)آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے وزارت دفاع کی سمری وزیراعظم آفس میں وصول کرلی گئی۔
وزارت دفاع کی سمری موصول ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر قانون سردار ایازصادق بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے 5سینئر ترین ناموں پر غور کیا گیاذرائع کے مطابق وزارت دفاع کی جانب سے وزیراعظم آفس کو بھیجے گئے 5 ناموں میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دو ناموں پر غور کیا گیا، ایک نام چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف اور دوسرا آرمی چیف کے لیے فائنل کیا جائے گا، دونوں نام فائنل کرنے کے بعد وزراعظم سمری صدر کو بھجوائیں گے اور پھر صدر کی منظوری کے اگلے 3 سال کیلئے آرمی چیف تعینات ہو جائے گا۔یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔