دبئی (لاہورنامہ) فلم و ٹی وی کے معروف اداکار فہد مصطفی نے اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہونے کی وجہ بتا دی۔ گزشتہ روز یہاں فلم ایوارڈ تقریب میں بات کرتے ہوئے فہد مصطفی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اداکار بننے کا فیصلہ بھارتی اداکار گووندا سے متاثر ہوکر کیا تھا۔
واضح رہے اس تقریب میں بھارتی اداکار گووندا بھی موجود تھے۔ فہد مصطفی نے گوندا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سر میں آپ کا مداح ہوں اور میں ہمیشہ یہ سوچتا تھا کہ جب بھی اداکاری کرنی ہے آپ کے جیسی ہی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آج اسی اسٹیج پر کھڑے ہو کر بہت خوشی ہو رہی ہے جہاں گووندا کھڑے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے یہاں ہمایوں سعید بھی موجود ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ میں ان کا بھی مداح ہوں۔فہد مصطفی نے اس موقع پر اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ہم جس طرح آج اکٹھے ہوئے ہیں مستقبل میں بھی ہوں اور بھارت میں بھی ہماری فلمیں ریلیز ہوں۔