گلشن راوی

سی سی پی او لاہور نے تھانہ گلشن راوی کی نئی عمارت کاافتتاح کیا

لاہور (لاہورنامہ) سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ پولیس سمیت ریاستی اداروں کی رٹ کے قیام اور حقیقی نمائندگی میں جدید انفراسٹرکچر کا کلیدی کردار ہے.

لاہور پولیس تھانوں کے انفراسٹرکچرز،ورکنگ کنڈیشن میں بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات پولیس سٹیشن گلشن راوی کی نئی سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔شہدا پولیس کے بچوں نے سی سی پی او لاہور کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو سلامی پیش کی۔

سی سی پی او لاہور نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی اور فیتہ کاٹ کر تھانہ گلشن راوی کی نئی کثیرالمقاصد عمارت کاباضابطہ افتتاح کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ایس ایس پی انوسٹی گیشن حسنین حیدر،سی ٹی او ڈاکٹر اسد اعجاز ، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز عبداللہ لک، ایس پی آپریشنز اقبال ٹاؤن ڈاکٹر عمارہ شیرازی،ایس پی انوسٹی گیشن آفتاب پھلروان،سینئر پولیس افسران،تھانہ کے عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

ایگزیگٹو انجنئیر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ حافظ عبد القادر نے سی سی پی او لاہور کو تھانہ گلشن راوی کی نئی عمارت کے انفراسٹرکچر، اغراض و مقاصد بارے بریفنگ دی۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے تھانہ کی نئی عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے لاہور پولیس کے انفراسٹرکچر میں جدت لانے کے لئے جاری ترقیاتی اقدامات اور سہولیات بارے شرکاکو آگاہ کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کہ صوبائی دارالحکومت کے پولیس سٹیشنز میں جدید سہولیات سے مزین انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب کے بے حد شکر گذار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس سروس دراصل خلق خدا کے لئے جذبہ خدمت اور محبت کا دوسرا نام ہے۔تھانے محمکہ پولیس کی بنیادی اکائی اور انصاف کی فراہمی کا اولین ذریعہ ہیں۔انصاف کی فراہمی نہ ہو تو قومیں برباد ہو جاتی ہے۔

انصاف کا پہلا مرحلہ تھانے سے شروع ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھانوں کی صورتحال اور سپاہ کے لئے ورکنگ کنڈیشن بہتر بنانا میرا مشن ہے۔غلام محمود ڈوگر نے مزید کہا کہ تھانوں میں شہریوں کے لئے جدید سہولیات اور سروس ڈیلیوری کا معیار بہتر ہو رہا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ محکمہ پولیس کے کریمنل جسٹس سسٹم میں انصاف کی فراہمی کی بنیادی اکائی ہے۔

پولیس ڈیلیوری میں بہتری کی مزید گنجائش موجود ہے۔افضال احمد کوثر نے مزید کہا کہ خدمات کی موثر انداز میں فراہمی میں اچھے ورکنگ انوائرمنٹ کی بہت اہمیت ہے،گزشتہ دو ماہ میں چار تھانوں کی نئی بلڈنگز کا افتتاح کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پولیس سٹیشنز کی حالت بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں جس سے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور خدمات ی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور سی سی پی او آفس کی ڈویلپمنٹ برانچ کے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔تھانہ گلشن راوی کی نئی 04 منزلہ عمارت03 کنال 19 مرلہ رقبہ پر محیط ہے۔تھانہ کی نئی عمارت میں آپریشنز اور انوسٹی گیشن کے دفاتر،فرنٹ ڈیسک،ایس ایچ او،انچارج انوسٹی گیشن رومز، مردوں اورخواتین کے لئے علیحدہ حوالات شامل ہیں۔

تھانہ گلشن راوی کی نئی عمارت کی تعمیر پر تقریباً 05کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔تھانہ گلشن راوی کی نئی عمارت میں 20 سے زائد کشادہ کمرے، ریکارڈ روم، 02عدد مال خانے،محرر رومز، 05 ہزار گیلن گنجائش کا واٹر ٹینک، ذاتی ٹیوب ویل اور 100 کے وی ٹرانسفارمر، جوانوں کی رہائش کے لئے04 کشادہ بیرکس،جدید کچن اور میس ہال شامل ہیں۔

سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے 10فٹ بلند باؤنڈری وال معہ ریزروائر اور او پی پوسٹ بھی تعمیر کی گئی ہے۔تھانہ گلشن راوی لاہور ابتدائی طور پر 09 فروری 1992ئکو قائم ہوا۔ تھانہ کی پرانی بلڈنگ ایل ڈی اے کی ملکیت اور بنیادی ضروریات کے لیے ناکافی تھی،جسے ایل ڈی اے سے خرید ک سٹیٹ آف دی آرٹ نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے۔