لاہور (لاہورنامہ) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہد زمان کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ کا صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے.
جس کے نتیجے میں صوبہ کے مختلف مقامات سے جنگلی سور ، خرگوش ، تیتر ، فاختہ اور بٹیر کے 36غیر قانونی شکاری گر فتار ، ساڑھے چھ لاکھ روپے جرمانہ ۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سالٹ رینج سجاد حسین کی سربراہی میں ریڈ اسکواڈ ، چکوال ، تلہ گنگ ، جہلم اور میانوالی وائلڈلائف سٹاف نے ریجن کی بند تحصیلوں میں تیتر کے غیرقانونی شکار ، پرندوں کی شکار کیلئے مقررہ حد سے تجاوز اور ناجائز شکار فاختہ پر کل 18شکاریوں کے چالانات کرکے انہیں مبلغ 04لاکھ 35ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا اور کیس نمٹاد دئیے ۔
اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف راولپنڈی ریجن عارفہ بتول کی سربراہی میں جنگلی سور ، خرگوش اور تیتر کاناجائز شکار کرنے پر مبلغ 02لاکھ 12ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا اور کیس نمٹادئیے جبکہ ایسی ہی چند دیگر کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع بہاولنگر منور حسین نجمی نے بٹیر کا ایک غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے اسے مبلغ 15ہزار روپے جرمانہ کیا اور فالکن کے غیرقانونی شکار کیلئے لگایاگیا جال ودیگر سامان شکار ضبط کرلیاگیا.
مزید براں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف چشمہ بیراج ویٹ لینڈ ضلع میانوالی سید علی عثمان بخاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک اچانک چھاپے کے دوران گندی جبہ جنگل ایریا سے آبی پرندوں کے غیر قانونی شکار کیلئے تنصیب کیاگیا نیٹنگ ایکویپمنٹ و دیگر سامان شکار قبضے میں لے لیا اور قانونی کارروائی شروع کردی.