سموگ کے خاتمے

سموگ کے خاتمے کیلئے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹس ہیوی وہیکل کا شہر میں داخلہ بند

لاہور (لاہورنامہ) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے سموگ کے خاتمے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹس ہیوی وہیکل کا شہر میں داخلہ بند کر دیا،خصوصی چیکنگ کیلئے رات کے وقت 10 ٹیمیں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات کر دی گئیں جبکہ سی ٹی او لاہور نے موٹر وہیکل انسپکشن کو بھی مراسلہ جاری کر دیا ۔

اس حوالے سے سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مسلسل گاڑی مالکان کو آگاہی اور وارننگ دی جاتی رہی جس کے بعد اب بغیر فٹنس سرٹیفکیٹس ہیوی وہیکل کا شہر میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی طرف سے گزشتہ چار روز میں سموگ پر 760 چالان کئے گئے۔

جبکہ رواں سال دھواں چھوڑنے پر 55ہزار 340 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے ۔ سی ٹی او ڈاکٹر اسد ملہی نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے دوران 54ہزار 970وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کیے ، خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی 610 گاڑیاں بھی بند کی گئیں ۔

دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 02 ہزار کے چالان ٹکٹس کئے جارہے ہیں، شہر کے داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں پر جوائنٹ آپریشنر بھی جاری ہیں جبکہ کمرشل و ہیوی گاڑیوں سے نکلنے والا مضر صحت دھواں سموگ کا باعث بن رہا ہے۔ڈاکٹر اسد ملہی نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اپنانے سے سموگ کے خطرات سے بچا جا سکتا ہے.

کارروائی کرنے سے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم ہونگے، ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے انسان کو سانس لینے میں دشواری، ناک،گلے کی بیماریوں کا اندیشہ رہتا ہے.