محمد جاوید قصوری

کرپشن ایک ناسور ہے جس نےملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے، محمد جاوید

لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ تشویشناک ہے، جس میں پولیس کو پاکستان کا کرپٹ ترین ادارہ قرار دیا گیا ہے جبکہ ٹینڈرنگ کا شعبہ دوسرے اور عدلیہ تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کو ملنے والی اربوں ڈالر کی امداد میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ہے۔ یہ خدشہ جماعت اسلامی شروع دن سے ظاہر کررہی تھی کہ اگر حکومت نے سیلاب متاثرین کو ملنے والے امداد پر سخت چیک اینڈ بیلنس نہ کیا گیا تو کرپشن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے۔ جس نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ ہر ادارہ کرپشن کی دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے جبکہ کرپشن کی روک تھام کرنے والے ادارے خود بھی بدترین کرپٹ ہوچکے ہیں۔ ان اداروں میں موجود کالی بھیڑوں نے پورے نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ہر کام کے ریٹ مقرر ہیں۔

رشوت خوری ملک کے اندر کوئی جرم نہیں رہی۔ جو جتنے بڑے عہدے پر فائز ہے اس کی قیمت اتنی ہی بڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک کے اندر ہر سال 5ہزار ارب کی کرپشن ہورہی ہے جبکہ ایک ہزار ارب روپے ہنڈی کے ذریعے پاکستان سے باہر منتقل ہورہا ہے۔ اور یہ سارا کام محکموں میں موجود افراد کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں۔ جب تک اقتدار پر کرپٹ افراد قابض ہیں ملک کرپشن فری نہیں بن سکتی۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ انٹی کرپشن میں نفری کی شدید
قلت کا سامنا ہے۔ ملزموں کو پکڑنے اور عدالتوں میں پیش کرنے کے لیے عملہ ناکافی ہونے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ملک کے اندر احتساب کا پورا سسٹم بد حالی کی نذر ہوچکا ہے۔ نیب محض سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال ہورہا ہے۔