لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترداف ہے.
پٹرولیم مصنوعات میں فی لیٹر پچاس روپے کمی ہونی چاہئے تھی ،حکومت نے ڈیزل پر لیوی کی شرح میں 5روپے اضافہ کر دیا ہے جو 25سے بڑھ کر 30 روپے ہو گی ہے آئی ایم ایف کے معاہدے کے تحت پٹرول پر لیوی کی شرح 50روپے ہے،قوم کو گمراہ کرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء ڈھٹائی کے ساتھ مہنگائی پر عجیب و غریب منطق پیش کر رہے ہیں۔کرنٹ اکاونٹ خسارہ اور گروتھ کیسے ایک ساتھ بڑھ سکتی ہے ۔معیشت ترقی کر ر ہی ہو تو عام آدمی کی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ کیوں ہو رہا ہے مہنگائی نے ہر طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
اشیاء خوردونوش کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ جماعت اسلامی مہنگائی،بے روزگاری، لاقانونیت اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھر پور انداز میں آواز اٹھا رہی ہے۔ دارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ،عام آمدنی والے افرادکے لیے مہنگائی میں 30فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
کتنی بد قسمتی کی بات ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ساڑھے تین برس میں اپنی معاشی ٹیم بناسکی اور نہ ہی موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وزیرا عظم سمیت حکومتی کسی وزیر مشیر کو عوامی تکالیف کا احساس نہیں۔ان کی کارکردگی محض اخبارات تک محدود ہو کر رہ گی ہے۔
مسائل سے نجات کے لیے عوام آئندہ انتخاب میں صرف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے ۔اتحادی حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے ۔آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کو قوم کے سامنے لایا جائے ۔
مارکیٹ سے آٹا غائب ہے ، اگر کہیں دستیاب ہے بھی تو وہ120روپے فی کلو میں فروخت کر رہا ہے ۔چیک اینڈ بیلنس کا کوئی نظام نہیں۔وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کا ایکشن محض زبانی کلامی ہے وزراء اور بیوروکریسی ا ن کو سنجیدہ ہی نہیں لیتے۔