لاہور پولیس, غلام محمود

لاہور پولیس کو ملک و قوم کی حفاظت کا جذبہ رکھنے والے مکرم جیسے نونہالوں پر ناز ہے، غلام محمود

لاہور (لاہورنامہ) مشہور سوشل میڈیا سٹار ننھے ڈی ایس پی مکرم نے اپنے والد خرم شہزاد کے ہمراہ آج کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر سے ملاقات کی۔

ڈی ایس پی ڈویلپمنٹ مصطفیٰ حسن،ڈی ایس پی بادامی باغ حافظ عمران احمد اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ننھے ڈی ایس پی مکرم نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو سلیوٹ کیا۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے ننھے ڈی ایس پی مکرم کو پیار کیا اور کم عمری میں ہی پولیس افسر بننے کے لئے جوش و جذبے کو بے حد سراہا۔

ننھے ڈی ایس پی مکرم کے والد خرم شہزاد نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو بتایا کہ مکرم سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر کی شخصیت اور جرائم کی سرکوبی کے لیے ان کی انتھک محنت سے بہت متاثر ہے جس کی وجہ سے مکرم نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔

ننھے ڈی ایس پی مکرم نے سی سی پی او لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بڑا ہو کر پولیس افسر بن کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور خدمات کرے گا۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے مکرم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کو ملک و قوم کی حفاظت کا جذبہ رکھنے والے مکرم جیسے نونہالوں پر ناز ہے۔

سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ مکرم جیسا شاندار عزم رکھنے والے نڈر بچے ہی پاکستان کا اصل سرمایہ ہیں۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے ننھے مکرم کے روشن مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔