لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے ہمیں قائد اعظم کے افکار اور نظریات پر عمل در آمد کرنا ہوگا۔
بانی پاکستان کے راستے پر چلتے ہوئے ہی ہم دنیا میں بلند مقام و مرتبہ حاصل کرسکتے ہیں۔ بد قسمتی یہ ہے کہ 74برسوں سے ملک پر جو بھی بر سر اقتدار آیا اس نے لوٹ مار اور اقتدار انجوائے کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون شامل ہے۔
بزرگوں کی قربانیوں اور ایثار کے نتیجے میں آج ہم ایک آزادملک میں سانسیں لے رہے ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ آج بھارت میں جو سلوک اقلیتوں کے ساتھ کیا جارہا ہے وہ کتنا بھیانک ہے۔ہندوستان میں مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے۔
جو جتنا بڑا کرپٹ ہے وہ اتنے ہی بڑے عہدے پر فائز ہے۔ المیہ یہ ہے کہ چوروں، لٹیروں کی جگہ جیل ہونی چاہیے تھی وہ اسمبلیوں میں بیٹھ کر قوم کی تقدیر کے فیصلے کررہے ہیں۔ اس فرسودہ نظام سے نجات حاصل کرنی ہوگی۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم کو آئینی بحران سے نکالنے کے لیے تما م اسٹیک ہولڈر ز کو اپنا مثبت کردار ادا،اور ذاتی مفادات سے باہر نکل کر قوم کے بہتر مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ حالات دن بدن سنگین ہوتے چلے جارہے ہیں۔ تمام لوگوں اور اداروں کے لیے آئین مقدم ہونا چاہیے۔ تاکہ ملک ترقی کرے۔