لاہور(لاہورنامہ)پریمئر سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن مزید چار رائونڈ میچز کا فیصلہ ہو گیا ۔اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں اے ایم ٹی کی ٹیم نے نیٹسول کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔
نیٹسول نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، فراز حسن نے 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، سید وقار اور علی رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اے ایم ٹی کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔
سید وقار نے 59 رنز کی شاندار ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، کاشف علی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ آل رائونڈ کارکردگی دکھانے پر سید وقار مین آف دی میچ قرار پائے۔ اسی گراوئنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جعفر برادرز نے ایکسپرٹ ڈی جی کو 8 وکٹوں سے پچھاڑ دیا۔
ایکسپرٹ ڈی کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 83 رنز پر آئوٹ ہوئی۔ مسلم رضا 28 رنز بناکر نمایاں رہے، ریحان ذوالفقار نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جعفر برادرز نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، مبشر اقبال نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، مسلم رضا اور حماد عزیز نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔
ریحان ذوالفقار کو عمدہ بالنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ویلنشیا ء کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں زمین میڈیا نے یو بی سپورٹس کو 71 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ زمین میڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
ملک تنویر 53 رنز بناکر نمایاں رہے، فہیم بٹ اور رانا مجاہد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں یو بی سپورٹس کی ٹیم 104 رنز تک محدود رہی۔ سلمان صادق 39 رنز بناکر نمایاں رہے، محمد فیصل نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
اسی گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یو بی سپورٹس کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ یو بی سپورٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 122 رنز کا ہدف دیا۔ عرفان عنایت 32 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے، محمد مبین نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
سول ایوی ایشن کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔ مبشر علی 60 اور احسن باجوہ 56 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ مبشر علی کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔