شہباز شریف

پاکستان مدد کرنے والے ممالک کو کبھی نہیں بھولے گا، شہباز شریف

جنیوا (لاہورنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام انتونیو گوتریس کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ، پاکستان اس وقت تاریخی نہج پر کھڑا ہے.

سیلاب سے تعلیمی اداروں، مکانات، زراعت اور دیہات کو نقصان پہنچا، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے ، بحالی کے فریم ورک پر کام کرنے کے لیے 16 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے، پاکستان مشکل میں مدد کرنے والے ممالک کو کبھی نہیں بھولے گا۔

پیر کو پاکستان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کانفرنس کا آغاز ہوگیا، وزیراعظم شہبازشریف نے جنیوا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں تمام شرکا کی آمد کا مشکورہوں، آج پاکستان کو سیلاب کی وجہ سے درپیش مسائل پر بات کرنے آیا ہوں، سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو مالی اور جانی نقصان ہوا ہے.

سیلاب کی وجہ سے تعلیمی ادارے ،مکانات، زراعت اور دیہات کو بھی نقصان پہنچا ہے، سیلاب میں یواین سیکریٹری جنرل پاکستان آئے اور انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یواین سیکریٹری جنرل کی مشکل وقت میں پاکستان آنے اور مدد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل میں مدد کرنے والیممالک کو کبھی نہیں بھولے گا، سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں کاشتکاری کو شدید نقصان پہنچا جس سے خوراک کی قلت نے جنم لیا.

سیلاب کی وجہ سے 80لاکھ کے قریب لوگ بے گھرہوئے ہیں، بھاری نقصان پر ہمارے پیروں سے زمین نکل گئی، سیلاب کی وجہ سے نقصانات پر آج ہم اہم موڑ پر کھڑے ہیں، ہمیں سیلاب متاثرین کی بحالی اور مواصلاتی نظام کو دوبارہ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ سیلاب آیا تو ہیلی کاپٹر ز اور زمینی فورس کے ذریعے ریسکیوکا عمل مکمل کیا گیا.

مہینوں گزرنے کے بعد آج بھی سیلابی پانی سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، ورلڈ بینک، ایشین بینک نے پاکستان کی بروقت مدد کی۔