انٹرپرینیورشپ

اوپن یونیورسٹی میں انٹرپرینیورشپ پر سیمینار 25جنوری کو ہوگا

اسلام آباد (لاہورنامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن(ORIC) کے زیر اہتمام”انٹرپرینیور کیسے بنیں "کے موضوع پر قومی سیمینار25جنوری کو منعقد کیا جائے گا.

سیمینار کے دوسرے مرحلے میں طلبہ کے مابین بزنس آئیڈیاز مقابلہ بھی ہوگا جس میں بہترین کاروباری آئیڈیازپیش کرنے والے پانچ طلبہ کو کیش انعامات دئیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے نمبر پر آنے والے طالب علم/طالبہ کو ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا، دوسرے نمبر پر آنے والے کو 75ہزار، تیسرے نمبر پر آنے والے کو 50ہزار، چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنے والے طلبہ کو 15,15ہزار روپے کیش انعامات دئیے جائیں گے۔رجسٹریشن اورمزید معلومات حاصل کرنے کے لئے طلبہ کو www.oric.aiou.edu.pkلنک پر وزٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیمینار اور بزنس آئیڈیاز مقابلے کے انعقاد کی تفصیلات بتاتے ہوئے، آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمد لطیف گوندل نے کہا ہے کہ پاکستان میں افرادی قوت کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے اس صلاحیت کو مثبت سمت گامزن کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لئے سیمینار اور بزنس آئیڈیاز مقابلے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ سیمینار کا ایک اور بڑا مقصد یہ ہے کہ نوجوانوں کو نوکریوں کا انتظار کروانے کے بجائے اُن کا رجحان انٹرپرنیورشپ کی جانب مبذول کروانا ہے تاکہ وہ نوکری کرنے والوں کے بجائے نوکریاں دینے کے اہل ہوجائیں۔