چانگ جون, سلامتی کونسل کی ذمہ داری

یورپ میں امن و امان بحال کرنا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے، چانگ جون

اقوام متحدہ(لاہورنامہ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین کی صورتحال پر عبوری اجلاس منعقد ہوا۔ چین کے نمائندے نے اجلاس میں اس بات پر زورد یا کہ متصادم فریقوں کے درمیان جنگ بڑھانے کے بجائے گفتگو اور مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی۔

اس موقع پر یوکرین کے اول نائب وزیراعظم نے مختلف ممالک سے اپیل کی کہ وہ یوکرین کی جانب سے امن فارمولے کی حمایت کریں۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویسلی نیبن زائے کا کہنا تھا کہ یوکرین نے روسی صدر کے ساتھ امن مذاکرات روکنے کے لئے قانون بھی منظور کیا ہے اور اب نام نہاد امن فارمولہ پیش کیا گیا ہے۔

ہفتہ کے روز اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے چانگ جون نے کہا کہ یوکرین بلکہ یورپ میں امن و امان بحال کرنا عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کا بحران یورپ میں دیرینہ اور گہرے اختلافات کا نتیجہ ہے۔ جب تک متصادم فریقین مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آئیں گے تب تک جنگ بندی اور یورپی سلامتی کے ڈھانچے کی از سر نو تعمیر ناممکن ہے۔

چینی نمائندے نے کہا کہ حالیہ بحران کے تناظر میں اثرورسوخ کے حامل اہم ممالک کو روس اور یوکرین کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے کہ وہ باہمی مذاکرات کریں۔ اسلحے کی فراہمی مسئلے کا حل نہیں بلکہ جنگ کو مزید توسیع دے سکتی ہے۔