لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ 25مئی کے واقعات پر ٹربیونل کی رپورٹ سارے نظام پر انا اللہ و انا الہ راجعون ہے.
ویسے بھی آج کل شریف خاندان، حواریوں اورتابعدار وں کیلئے ”کلین چٹ ”کی بہار آئی ہوئی ہے ،شاہد خاقان کا پارٹی عہدے سے استعفیٰ مریم صفدر کی اجارہ داری کیخلاف پہلی بغاوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25مئی کو نہتے لوگوں پر ظلم وبربریت کرنے والوں کو کلین چٹ سے حقیقی آزاد ی کی تحریک پہلے سے زیادہ نا گزیر ہو گئی ہے،اگر ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو اداروں میں بھی اصلاحات کیلئے سرجری بھی نا گزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کو انتخابات میں اپنی کامیابی کا ایک فیصد بھی یقین نہیں اس لئے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں ،پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے ایسا لگتا ہے ملک کو کوئی اور مسئلہ درپیش ہی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ منتبہ کررہے ہیں کہ عمران خان اورپی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوششوں سے ملک کونا قابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے اس لئے اس پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کا ادنی سے ادنی کارکن بھی خوفزدہ ہونے کی بجائے پہلے سے زیادہ ثابت قدم ہے،ان شا اللہ عمران خان کی قیادت میں مافیاز کو چاروںشانے چت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل بارش کے پہلے قطروں کی طرح ہیں آنے والے وقت میں تو موسلا دھار بارش ہو گی،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں بہت سے لوگ قیادت کے بچوں کی خدمت کرنے کے خلاف بغاوت کاعلم بلند کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مریم صفدر کنونشنزکی آڑ میں سیاسی آلودگی پھیلانے کی بجائے گھر بیٹھیں تو یہی انکی پارٹی کے حق میں بہتر ہے۔