لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری سے متعلق دیئے گئے اپنے بیان پرقائم ہوں ،آصف زرداری شوق سے ہتک عزت کا دعوی کریں ۔
لاہور میں اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنامیری بہترین حکمت عملی تھی اسمبلیاں تحلیل ہوتے ہی حکومت بند گلی میں آ چکی ہے۔
اسمبلیاں تحلیل نہ کرتے توعام انتخابات نہیں ہونے تھے ۔ اب اگر 90روز میں انتخابات نہ کرائے گئے تو آئین شکنی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی میرا ایک اور میڈیکل چیک اپ ہوناہے ٹھیک ہو کر انتخابی مہم کا آغاز کروں گا۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری سے متعلق دیئے گئے بیان پر قائم ہوں، سابق صدر شوق سے ہتک عزت کا دعوی کریں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہتک عزت کا دعوی وہ کرتے ہیں، جن کی اپنی کوئی عزت ہوتی ہے۔