اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں، مقدمات درج کرنے سے ڈالر نیچے نہیں آئے گا.
آج مہنگائی پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عمران خان سمیت ہم سب پر پرچے ہیں، ہم پر پرچے کرنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، ایک طرف مقدمات اور دوسری طرف یہ سیاسی اتفاق رائے کر رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آئین کہتا ہے 90 دن کے اندر اندر الیکشن ہونا لازمی ہے، کبھی ایک عدالت تو کبھی دوسری عدالت میں تاریخ پر تاریخ چل رہی ہے، جمہوریت کے اندر آواز اٹھائی تو ہم پر پرچے کر دیئے گئے ہیں، مجھ پر 13 پرچے چل رہے ہیں، پہلے کرنسی نوٹ چھاپے جاتے تھے اب پرچے چھاپے جا رہے ہیں۔
فیصل جاوید نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ہم آپ کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، مقدمات درج کرنے سے ڈالر نیچے نہیں آئے گا، ہر پلیٹ فارم پر شیخ رشید کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تیار ہیں۔ آج مہنگائی پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے، کوئی بل لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ بل صحافی تو کیا ہمیں بھی قبول نہیں، آزادی صحافت پر قدغن کسی صورت قبول نہیں۔