لاہور(لاہورنامہ) پیاف کے رہنما صدرلوہا مارکیٹ شہید گنج لاہور راجہ وسیم حسن نے پاکستان اور آئی ایم ایف کی شرائط پر سیلز ٹیکس کی شرح میں اضافہ کرکے 18سے 21فیصدکرنے کے فیصلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس میں اضافہ سے ہر چیز مہنگی ہوجائے گی.
جس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا اور سفید پوش و غریب طبقہ کے ساتھ ساتھ تجارتی و صنعتی شعبہ بھی متاثر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ایما پر گیس اور بجلی،پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کے بعد سیلز ٹیکس میں اضافہ اور170اب کے مختلف ٹیکسوں کی مد میں منی بجٹ سے عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا۔
راجہ وسیم حسن نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافہ اور برآمدی اہداف کو پورا کرنے کیلئے صنعتی شعبہ کو سہولیات فراہم کرے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ سے حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو اور ملک کو مزید قرض سے نجات مل جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت روپے کی قدر میں اضافہ اور ڈالر میں مصنوعی اضافہ کی روک تھام کرے تاکہ ملک میں مہنگائی کنٹرول ہوسکے۔