سرگودھا یونیورسٹی

سرگودھا یونیورسٹی میں کونسلنگ سنٹر کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

سرگودھا (لاہورنامہ)سرگودھا یونیورسٹی میں کونسلنگ سنٹر کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے ذریعے کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طالب علموں کو زندگی کے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کی حکمت عملیوں کے بارے میں کونسلنگ فراہم کی گئی۔

سیمینار میں چیئرپرسن شعبہ سائیکالوجی ڈاکٹر نجمہ اقبال، کونسلنگ سنٹر کے ممبران کنزہ خالد، سدرہ شکور اور طلبا و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ بنیادی طور پر کونسلنگ سنٹر طلبہ کے نفسیاتی مسائل کو حل کرتا ہے۔

زندگی میں آنے والے نئے چیلنجز کا سامنا کرنا سکھاتا ہے کہ وہ کس طرح ان مشکلات کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔اگر وہ خود سے ان مسائل کا حل تلاش نہیں کر پاتے تو ان کے لیے مختلف سیشنز کا انتظام کیا جاتا ہے جس میں کونسلنگ کے ذریعے ان کی نفسیاتی الجھنوں کو دور کیا جاتا ہے۔

مگر طلب علموں کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ سرگودھا یونیورسٹی میں اس حوالے سے کونسلنگ سنٹر موجود ہے۔ اس سیمینار کا مقصد طلبا و طالبات کو کونسلنگ سنٹر کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دماغ ہمارے جسم کے تمام اعضاء کو کنٹرول کرتا ہے اور جو پیغام ہمارے جسم کو دیتا ہے ہمارے اعضاء اس پر عمل کرتے ہیں۔

دماغ ہمارے رویوں کو کنٹرول کرتا ہے اور اہم بات بھی یہی ہے کہ دماغ جو پیغام دیتا ہے اس سے ہماری زندگی متاثر ہوتی ہے۔ منفی سوچنے والوں کی زندگی منفی اثرات سے بڑھ جاتی ہے اسی لیے ہم کونسلنگ کے ذریعے طلبہ میں مثبت رویہ پیدا کرتے ہیں جس سے وہ زندگی کے حالات کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا حل بھی تلاش کر لیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ اپنی مدد آپ کے تحت کے مسائل کا حل نہیں نکال سکتے تو ہمارے پاس آئیں۔ہمارے اور آپ کے درمیان ہونے والی گفتگو کو صغیہ راز رکھا جائے گا۔ طلباء و طالبات بلا جھجک ہمارے پاس آ سکتے ہیں اور اپنے مسائل کے بارے میں بتا سکتے ہیں۔