لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے تاریخ ساز فیصلہ سنایا جس سے عوام میں ایک نئی امنگ پیدا ہوئی ہے .
امید ہے آئین کو روندنے والے اب قوم سے معافی مانگ کر کے توبہ تائب ہو جائیں گے ،ساری قوم اب سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر پہرہ دے گی ۔فیصلے کے بعد اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون اور 22کروڑ75لاکھ عوام کی جیت ہے ،الیکشن کمیشن نے اب بھی حیلے بہانے کئے تو انہیں عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو مائنس کرنے کے خواب دیکھنے والے عوام کا جنون دیکھ لیں، سیاسی مخالفین روئیں چاہے اپنے بال نوچیں آج پاکستان کی سیاست کا محور عمران خان ہیں،پی ڈی ایم ٹولے کی اجتماعی سیاسی تدفین کا وقت اب زیادہ دور نہیں ،عمران خان باہر نکلتے ہیں تو لندن اور پاکستان میں کئی لوگوں کے ایک ساتھ پلیٹ لیٹس گرجاتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے نے ملک کے مستقبل کا تعین کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجن پور ضمنی الیکشن نے ثابت کر دیا تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں، ملک میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے نتائج راجن پور کے نتائج سے مختلف نہیں ہوں گے۔